راولپںڈی ( نیوز) – آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ فوج آئندہ کسی سیاسی معاملے میں مداخلت نہیں کرے گی اور ہمیں میں نہ مانوں کا رویہ ترک کرنا اور غلطیوں سے سیکھ کر آٓگے بڑھنا ہو گا۔
جی ایچ کیو میں یوم دفاع و شہدا کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ دو ہزار اٹھارہ میں جیتنے والوں کو سلیکٹڈ جبکہ دو ہزار بائیس میں آنے والوں کو امپورٹڈ کہا گیا، ہر پارٹی کو فتح اور شکست قبول کرنے کا حوصلہ پیدا کرنا ہوگا تاکہ اگلے الیکشن میں امپورٹڈ یا سلیکٹڈ کے بجائے الیکٹڈ حکومت آئے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جھوٹا بیانیہ بنا کر ملک میں ہیجان برپا کرنے کی کوشش کی گئی، غیرملکی سازش ہو اور فوج خاموش بیٹھی رہے یہ گناہ کبیرہ ہے، پاکستان سنگین معاشی مشکلات کا شکار ہے، کوئی ایک پارٹی معاشی بحران سے نہیں نکال سکتی، سیاسی استحکام لازم ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کئی حلقوں نے فوج کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، غیرمناسب الفاظ میں مہم چلائی گئی، فوجی قیادت کو نامناسب القاب سے نوازا گیا۔
آٓرمی چیف کا کہنا ہے فوج پر تنقید سیاسی جماعتوں کا حق ہے مگر الفاظ کا غیر مناسب استعمال درست نہیں، سیاست میں عدم مداخلت کا خیر مقدم کرنے کے بجائے غیر شائستہ زبان استعمال کی گئی، وہ اپنے اور فوج کیخلاف نامناسب رویے پر درگزر کرکے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، فوج نے اپنا کتھارسس شروع کردیا، امید ہے سیاسی پارٹیاں بھی رویے پر نظر ثانی کریں گی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا وہ کچھ حقائق درست کرنا چاہتے ہیں، سابقہ مشرقی پاکستان ایک فوجی نہیں، سیاسی ناکامی تھی، لڑنے والے فوجیوں کی تعداد بانوے ہزار نہیں، چونتیس ہزار تھی، باقی لوگ مختلف حکومتی محکموں کے تھے، چونتیس ہزار فوجیوں کا مقابلہ ڈھائی لاکھ انڈین آٓرمی اور دو لاکھ مکتی باہنی سے تھا، ہماری فوج بہادری سے لڑی اور بے مثال قربانیاں دیں، سابق بھارتی آرمی چیف فیلڈ مارشل مانکشا نے بھی اعتراف کیا، قوم کی طرف سے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کا اعتراف نہ کرنا ناانصافی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ وہ بطور آرمی چیف آخری خطاب کررہے ہیں، چوالیس سال کی سروس کے بعد ریٹائر ہورہے ہیں، وطن کی خاطر قربانیاں پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، عظیم فوج کا چھ سال تک سپہ سالار رہنے پر فخر ہے، فوج کا کام ملکی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہے، وہ اپنے فرض کی ادائیگی سے کبھی غافل نہیں ہو گی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور سلامی پیش کی، کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی ساتھ تھے، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی دی، تقریب میں فوجی افسروں، اہل خانہ اور شہدا کے ورثا نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں وطن عزیز کے دفاع کے مقدس فریضے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والوں کی یادیں تازہ کی گئیں، ویڈیوز کے ذریعے افواج کے جوانوں کی خدمات اور قربانیاں اجاگر کی گئیں، سیلاب سمیت قدرتی آفات میں ہم وطنوں کی مدد اور خدمت کا بھی تذکرہ کیا گیا، سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کیخلاف لڑنے والوں کو بھی سلام پیش کیا گیا۔ یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں ملی نغموں نے بھی لہو گرما دیا۔