بلاول ایک ارب 60 کروڑ، آصف زرداری 71، اسد قیصر 8 کروڑ کا مالک

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو سمیت دیگر ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔

الیکشن کمیشن کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو ایک ارب 60 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں اور بلاول بھٹو کے ذمہ 3 لاکھ 34 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔

بلاول بھٹو نے بیرون ملک اپنے کاروبار بھی ظاہر کیے اور ان کا بینک بیلنس 12 کروڑروپے سے زائد کا ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری 71 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں اور آصف علی زرداری کا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مراد سعید کا اپنا کوئی گھر نہیں ہے اور ان کے پاس ایک گاڑی اور 15 تولہ سونا ہے۔ مراد سعید کے اکاؤنٹس میں 29 لاکھ 63 ہزار سے زائد کی رقم ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر عمر ایوب ایک ارب 19 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں اور ان کے ذمہ 11 لاکھ 55 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔ عمر ایوب نے بیرون ملک بزنس کی تفصیلات بھی جمع کرائیں۔

پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ساڑھے 8 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں اور ایک کروڑ 17 لاکھ سے زائد کے مقروض بھی ہیں۔ اسد قیصر کے پاس 6 کروڑ 72 لاکھ سے زائد کی جائیداد ہے اور انہوں نے 58 لاکھ روپے کا بزنس ظاہر کیا ہے۔ اسد قیصر ایک گاڑی کے مالک اور 96 لاکھ روپے سے زائد رقم بینک بیلنس کے مالک بھی ہیں۔

سابق وزیر دفاع پرویز خٹک 16 کروڑ 71 لاکھ کے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں اور پرویز خٹک 3 کروڑ روپے بینک بیلنس اور 2 کروڑ 56 لاکھ روپے کے مقروض ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں