پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پرویزالہٰی نے پنجاب اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کر کے گورنر کو ارسال کر دی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر نے اسمبلی نہ توڑی تو 48گھنٹے میں اسمبلی خود بخود تحلیل ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 48گھنٹوں میں حمزہ شہباز کو نگران حکومت کے لئے خط لکھ رہے ہیں ان سے مشاورت کی جائے گی۔پرسوں خیبرپختونخوا کی اسمبلی کو بھی تحلیل کردیا جائے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ 90دنوں میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات ہونے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قومی انتخابات کی جانب بڑھنا چاہیے، ملک میں استحکام صرف الیکشن سے ہی آ سکتا ہے، وفاقی حکومت کو اپنی ضد سے باہر آنا چاہئے، جس طرح پرویز الہٰی ہمارے ساتھ کھڑے رہے ہم انکا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ق لیگ مشکل اور کٹھن حالات میں پی ٹی آئی کیساتھ کھڑی رہی،اسپیکرقومی اسمبلی سے کہتے ہیں کہ ہمارے استعفے منظور کرے۔