وزیراعظم کا یو اے ای کیساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دونوں ملکوںکے درمیان برادرانہ تعلقات میں مزید اضافے کا عزم ظاہر کیا ہے۔اس عزم کا اظہار وزیراعظم شہبازشریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زیدالنہیان کے درمیان بدھ کے روز رحیم یار خان میں ایک ملاقات کے دوران کیا گیا۔شیخ محمد بن زید النہیان ایک نجی دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ایئرپورٹ پر ملاقات کے دوران وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے اپنے حالیہ دورے کو یاد کیا اور زور دیا کہ متحدہ عرب امارات کے اپنے دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف شعبوں میں طے پانے والے معاہدوں پر دونوں ملک مل کر کام کرینگے۔متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے کہا کہ دونوں ملکوںکے درمیان برادرانہ تعلقات کئی عشروں پر محیط ہیں اور ان کے والد نے جنہیں پاکستان اور اس کے عوام سے بے پناہ محبت تھی دوطرفہ تعلقات کی بنیاد رکھی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں