اسلام آباد۔20فروری:موٹر وے ایم ٹو پر کلر کہار کے قریب بس حادثہ میں 10 افراد جاں بحق، 13 شدید اور 31 معمولی زخمی ہو گئے – موٹروے پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 49 سیٹر بس میں 49 ہی سواریاں سوار تھیں کہ کلر کہار کے قریب بریک فیل ہونے سے بس بے قابو ہو کر مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں سے ٹکرا کر الٹ گئی –
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ کے دوران مخالف سمت سے آنے والی دو کاریں اور ایک شہزور پک اپ بھی زد میں آگئیں، ڈی آئی جی موٹروے محمد یوسف کی سربراہی میں موٹر وے پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور جائے حادثہ پر موجود رہ کر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی- ترجمان نے کہا کہ اندھیرا ہونے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان نے بتایا کہ بس اسلام آباد سے لاہور جارہی تھی،بس میں باراتی سوار تھے، بس کو نکال لیا گیا ہے،ایک لین بند ہے جبکہ دو لینز میں ٹریفک چل رہی ہے، موٹروے پولیس اوردیکر ریسکیو اداروں نے ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا ہے ۔ابتدائی تفتیش کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔