اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پنجاب میں رینجرز اور ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے ادارے آئین اور قانون کی عملداری سے متعلق امور سرانجام دیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب کو اپنے فرائض آئین، قانون کےمطابق ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی سرکاری افسر یا اہلکار آئین کے برعکس کسی عمل کا حصہ نہ بنے۔
دوسری جانب گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی رولنگ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی رولنگ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے جبکہ آئین کا دفاع اور پاسداری بھی اسپیکر کی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ آج صبح ملی جبکہ آئین کے تحت اسپیکر غیر جانبداری سے ذمہ داریاں سرانجام دینے کا پابند ہے۔
بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ اسپیکر آئینی ذمہ داری کی ادائیگی میں ذاتی منشا اور پسند کو ملحوظ خاطر نہ رکھیں۔ گورنر پنجاب نے آئین کے آرٹیکل 130 کی شق 7 کے تحت حکم نامہ جاری کیا۔