وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیووس میں آج شروع ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریںگے۔
اُمور خارجہ کی وزیر مملکت حنا ربانی کھربھی اُن کے ہمراہ ہوں گی۔
وزیر خارجہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی حقائق کے تناظر میں معاشی اور سماجی اثرات اور علاقائی سلامتی اور ا ستحکام سے متعلق پاکستان کاموقف پیش کریں گے۔
وہ موسمیاتی تبدیلی ، خوراک اور توانائی کے تحفظ ، مہنگائی کے دور میں سماجی خدشات اور سست رو معاشی سرگرمیوں کے مسائل پرترقی پذیر دنیا کے نقطہ نظر پرروشنی ڈالیںگے ۔
وزیرخارجہ اور وزیرمملکت اجلاس میں شرکت کرنے والے مندوبین جن میں سیاسی رہنما ، کاروباری شخصیات ، عالمی اداروں کے سربراہ ، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل ہیں، سے بھی ملاقاتیں کریںگے۔