گوجرانوالہ۔28نومبر:وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کھلے میدانوں سے نکل کر سڑک پر آ گئی ہے، عمران خان کا بیانیہ اب ختم ہو گیا ہے۔
پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف دہشت گردی کا جعلی مقدمہ درج کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان، رانا ثنا اللہ سے ڈر کر راولپنڈی سے ہی واپس چلے گئے، ان میں اتنی سکت بھی نہیں تھی کہ اسلام آباد جاتے اور ریڈ زون میں داخل ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمارے استعفے لینے گئے تھے لیکن اپنے استعفوں اور اپنی صوبائی حکومتیں گرانے کا اعلان کر کے واپس آ گئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے متعلق ہم حکمت عملی طے کر رہے ہیں، اجلاس کے بعد ن لیگ کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور کے پی کے کی اسمبلی تحلیل کرنا اتنا آسان نہیں، یہ سر سے لے کر پائوں تک جھوٹ بولتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کا بھی فیصلہ ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔