روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید مہنگا، قرضوں میں اربوں کا اضافہ

کراچی: (آئی این این) روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ تھم نہ سکا ،، کاروباری ہفتے کے آخری روز ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

روپیہ دن بہ دن اپنی قدر کھورہا ہے جبکہ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے، آئی ایم ایف سے قرض ملنے کے بعد اُمید تھی کے روپے کو قرار آجائے گا مگر ایسا ہوتا ہوا نظر نہیں آیا۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر 96 پیسے اضافے سے 236 روپے 84 پیسے پر بند ہوا، ڈالر اپنی حالیہ کم ترین سطح سے 22 روپے 94 پیسے مہنگا ہوچکا ہے۔

16 اگست کو انٹربینک میں ڈالر 213 روپے 90 پیسے پر تھا۔ ڈالر مہنگا ہونےسے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 2900 ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔

انٹربینک کی دیکھا دیکھی اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کے دام بڑھ گئے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ اضافے سے 242 روپے پر فروخت ہوا ۔۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق آئی ایم ایف سے قرض ملنے کے بعد اُمید تھی کہ دوست ممالک اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں سے بھی پاکستان کو رقوم ملنا شروع ہوجائیں گی تو روپے کی قدر میں استحکام آجائے گا مگر سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث ہونے والے نقصانات کا تخمینہ 20 ارب ڈالر لگایا گیا ہے جو کہ ملکی معیشت پر مزید بوجھ بنے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں