حکومت نے بڑے وعدے کیے، لارے لگائے، سب کا سب فراڈ اور جھوٹ نکلا: راجہ پرویز اشرف

راولپنڈی: پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بڑے وعدے کیے تھے اور لارے لگائے تھے لیکن سب کا سب فراڈ اور جھوٹ نکلا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا۔

انفو نیوز کے مطابق انہوں نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے مزار قائد سے لانگ مارچ کا آغاز کیا ہے اور اس وقت بھی وہ سڑک پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام پر بڑا مشکل وقت ہے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ پیپلزپارٹی نے فیصلہ کیا کہ اس سے زیادہ وقت حکومت کو نہیں دیا جا سکتا ہے۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہم اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے اس حکومت کو چلتا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مزید برداشت کرنا بہت بڑا ظلم ہو گا۔ انہوں ںے عوام اور راولپنڈی والوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں