انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں ، صدر عارف علوی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ،صدر مملکت کے خط میں پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل کا حوالہ دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کو خط میں کہاہے کہ انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں ، آئین تاخیر کی اجازت نہیں دیتا ،الیکشن ایکٹ2017 کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کیا جائے ،الیکشن کمیشن پنجاب اور خیبرپختونخوا کیلئے انتخابی شیڈول جاری کرے ،صدر عارف علوی نے کہاکہ انتخابات کا اعلان کیا جائے تاکہ قیاس آرائیوں پر مبنی پروپیگنڈے کا خاتمہ ہو۔

صدرعارف علوی نے کہاکہ آئین کے مطابق انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا بنیاد ی فرض ہے ، فرض کی ادائیگی میں ناکامی پر کمیشن آئین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ہوگا،صدر عارف علوی کے خط میں آئین کی تمہیداور قرارداد مقاصد کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔

صدر مملکت نے خط میں کہا ہے کہ انتخابات ملتوی یا ان میں تاخیر کرنے کا جواز فراہم کرنے والے حالات ملک میں نہیں، حالیہ عالمی تاریخ ثابت کرتی ہے کہ انتخابات کے التوا نے جمہوریت کو طویل مدتی نقصان پہنچایا،آئین اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد90 روز میں الیکشن کرانے پر زور دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں