آٹے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

پاکستان میں آٹے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

کوئٹہ کے شہری سب سے زیادہ مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں اور فی کلو قیمت کم از کم 115 روپے ہو گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق کوئٹہ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی کم از کم قیمت 2300 روپے اور کراچی میں 2200 روپے تک ہے۔

تاہم کوئٹہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2600 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

دو روز قبل کوئٹہ میں نان بائیوں نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر ہڑتال کرتے ہوئے روٹی کی قیمت بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔

ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی کی مجموعی شرح میں صفر اعشاریہ 58 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، پیاز کی قیمت 73 روپے فی کلو کم ہوئی اور ٹماٹر 14 روپے 46 پیسے سستا ہوا۔ اس کے علاوہ گھی کی فی کلو قیمت میں تقریبا 3 روپے کی کمی ہوئی۔

20 کلو آٹے کا تھیلا 51 روپے 75 پیسے مہنگا ہو گیا جبکہ انڈے تقریباً 9 روپے فی درجن مہنگے ہوئے، چنے کی دال 4 روپے فی کلو اور ماش کی دال 3 روپے 29 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں