چوہدری پرویز الٰہی وزیراعلیٰ بننےکیلئےتیارہیں،پیپلز پارٹی کادعویٰ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وزیر اعظم عمران خان کے اتحادیوں کے پاس ‘بڑا سرپرائز’ موجود ہونے کا دعوٰی کرتے ہوئےکہا کہ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی جلد ہی صوبے کے وزیر اعلیٰ بنیں گے۔

نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی پی پی پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید حسن مرتضیٰ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کی شیروانی تیار ہے، وہ جلد وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، صرف حتمی اعلان کا انتظار کریں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چند روز قبل پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ کا عہدہ چوہدری پرویز الٰہی کو نہیں دیا جا سکتا۔

متضاد دعوے ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے عدم اعتماد کے پیش نظر چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے وفاقی وزیر مونس الٰہی علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں وزیراعظم عمران خان کو پہلے ہی یقین دہانی کراچکے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ قائد (پی ایم ایل-ق)، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی قیادت میں حکومتی اتحاد کا حصہ رہے گی۔

تاہم صوبے میں پی پی پی کے سیکریٹری جنرل نے دونوں شخصیات کی جانب سے کیے جانے والے دعووں کے برعکس کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی ان کی حمایت کریں گے، حتمی اعلان پی پی پی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اتحادی پیپلز پارٹی سے رابطے میں ہیں، حکمران جماعت پی ٹی آئی کو جلد ہی دھچکا لگے گا کیونکہ حکومت کے ساتھ ہونے کا دعویٰ کرنے والے ان کے ساتھ نہیں ہوں گے۔

سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ عمران خان کا مستقبل تاریک ہے، ان کے اتحادی انہیں ’بڑا سرپرائز‘ دینے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کوئی پارٹی نہیں بلکہ ایسے لوگوں کا ایک گروپ ہے جو اپنے ذاتی مفادات کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری وسطی پنجاب میں داخل ہوں گے تو اس ’سلیکٹڈ‘ حکومت کی اصل الٹی گنتی شروع ہو جائے گی۔

انہوں نے عمران خان سے بغیر پروٹوکول کے عوامی مقامات پر آنے کا مطالبہ کیا تاکہ وہ پنجاب کے لوگوں میں اپنی ‘اصل مقبولیت’ جان سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ضلعی انتظامیہ کو ناصر باغ میں اس اتوار کو (کل) بلاول کی قیادت میں لانگ مارچ پہنچنے پر ہونے والے اجتماع کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ میں شرکت کے لیے چیچہ وطنی روانہ ہونے سے قبل انتظامیہ سے اس تقریب کے لیے سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

تاہم وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپوزیشن کے عدم اعتماد کی تحریک کی ناکامی سے متعلق پُراعتماد انداز میں کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نمبر گیم میں حکومت کو واضح اکثریت حاصل ہے، اپوزیشن فضول کوششیں کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہو جائیں تب بھی عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہیں ہو گی، انہوں نے مزید کہا کہ جس اپوزیشن اتحاد پر اس کی اپنی جماعتیں عدم اعتماد کر چکی ہوں انہیں عدم اعتماد کی باتیں کرنا زیب نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن جماعتوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے قومی مفادات کی نفی کی، اپوزیشن کی سیاسی چالیں پہلے بھی ناکام رہی ہیں اور اسے مستقبل میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں