پی ٹی آئی کے پی پی پی حکومت کے خلاف گھوٹکی سے کراچی تک مارچ کا آغاز

وزیرخارجہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کےخلاف گھوٹکی سے کراچی تک مارچ کا آغاز کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کو وزیراعظم عمران خان کا پیغام پہنچایا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے پی پی پی حکومت کی خراب کارکردگی کے خلاف حقوق سندھ مارچ کے نام سے احتجاج کا آغاز کردیا گیا ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی گھوٹکی پہنچے اور مارچ کا باقاعدہ آغازکیا اور پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق احتجاج 6 مارچ کو کراچی پہنچ کر ختم ہوگا۔

گھوٹکی کے علاقے کمون شہید میں پی ٹی آئی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘میں اس سفر کا آغاز عمران خان کا پیغام، عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کا منشور سندھ کے ہر ضلعے، ہر تعلقہ اور ہر گوٹھ میں پہنچانے کے لیے کر رہا ہوں’۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کو غلامی سے خود کو آزاد کروانے کا وقت آگیا ہے، جس میں وہ گزشتہ 15 برس سے جکڑے ہوئےہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ‘اب وقت ہے کہ آپ اپنے لیے ایک نئی منزل کا تعین کریں’۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو ماضی میں عمران خان کا کوئی سیاسی مستقبل نظر نہیں آرہا تھا وہ اب انہیں وزیراعظم کی حیثیت سے خدمت کرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ‘انہیں نظر آرہا ہے کہ آج پنجاب عمران خان کے نظریے کو اپنا رہا ہے، خیبرپختونخوا بھی عمران خان کے نظریے کو اپنا رہا ہے، عمران خان کو منشور آزاد کشمیر میں متعارف کروادیا گیا ہے اور عمران خان کا فلسفہ گلگت بلتستان تک پہنچ چکا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ اب پی ٹی آئی کو سندھ میں بھی وزیراعظم کا منشور متعارف کروانے کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام صوبے میں پی پی پی کی حکومت سے تنگ آگئے ہیں کیونکہ اس نے عوام کو ان کے حقوق سے محروم کر دیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام اب چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے سوال کر رہے ہیں اور انہیں اپنے حقوق سےمحروم رکھنے کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’15 برسوں کی لوٹ اور کھسوٹ کا حساب لینے کا اب وقت ہے’ ۔

انہوں نے عوام سے کہا کہ کیا وہ پی ٹی آئی کے مارچ میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں اور ‘تبدیلی کے سفر’، اپنے حقوق کے لیے لڑنے اور نیا سندھ بنانے کے لیے میدان میں نکلنے کے لیے تیار ہیں۔

وزیرخارجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ‘آئیے، کمون شہید سے ایک نئی منزل کی طرف نکلتے ہیں’، کاروان 6 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہ کاروان عمران خان کا پیغام لے کر کراچی پہنچے گا اور میں انہیں دعوت دوں گا، انہیں بتاؤں گا کہ سندھ ان کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہے’۔

پی ٹی آئی کے شیڈول کے مطابق مارچ کے شرکا کل شکار پور، کشمور اور جیکب آباد جائیں اور 28 فروری کو قمبرشہداد کوٹ کی طرف بڑھے گا، خیرپور، نوشہروفیروز اور نواب شاہ یکم مارچ کو پہنچے گا اور 2 مارچ کو سانگھڑ اور میرپورخاص میں ہوگا۔

مارچ عمرکوٹ، تھرپار کر اور بدین میں 3 مارچ کو پہنچے گا اور 4 مارچ کو ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار اور مٹھیاری پہنچے گا۔

پی ٹی آئی کے مطابق ان کا احتجاجی کارواں آخری مراحل میں 5 مارچ کو حیدر آباد پہنچے گا اور اگلے روز 6 مارچ کو صوبائی دارالحکومت کراچی میں داخل ہوگا جہاں مارچ کا اختتام ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں