رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور انکے وفود کے غیر ملکی دوروں پر 1 ارب 3 کروڑ 13 لاکھ 91 ہزار روپے خرچ ہوئے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور انکے ہمراہ غیر ملکی دوروں پر جانے والے وفود کے قیام و طعام اور دیگر اخراجات کی مد میں 2022 سے 2023 کے 9 ماہ میں 1 ارب سے زائد کا خرچہ ہوا۔
وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں پر مختلف ادائیگیوں، رجسٹریشن، عطیات اور فیسز کی مد میں 84 کروڑ 9 لاکھ روپے خرچ ہوئے جبکہ مختلف اخراجات میں 14 کروڑ 33 لاکھ 44 ہزار روپے کی ادائیگی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کانفرنسز، ورکشاپس اور سیمینار کی مد میں 20 لاکھ روپے کا خرچہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح اخبارات، جرائد اور کتابوں پر 5 لاکھ 98 ہزار روپے خرچ ہوئے جبکہ بیرون ممالک اور دیگرامور کی مد میں 2 کروڑ روپے اخراجات ہوئے ہیں۔