عمران خان کل 3 روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے

وزیراعظم عمران خان کل سے چین کا 3 روزہ دورہ کریں گے، وزیراعظم ونٹراولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں علاقائی اور بین الاقوامی امورسمیت دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بات کی جائے گی، کئی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم عمران خان 3 سے 6 فروری تک چین کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔

وزیراعظم کی چینی قیادت سے ملاقاتوں میں سی پیک سمیت مضبوط تجارتی اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیر اعظم کا دورہ، پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کی یادگاری تقریبات کا اختتام ہوگا۔

وزیراعظم بیجنگ میں وزیراعظم چین کے ممتاز کاروباری رہنماؤں اور چین کے سرکردہ تھنک ٹینکس، تعلیمی اداروں اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں