تحریک عدم اعتماد پر ساتھ دینے کیلئے ایم کیوایم کے مطالبات پر ن لیگ کا موقف بھی آگیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ(ن) کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نےجائز معاملات سامنے رکھے ہیں، اس پر بات ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کےمسائل اوروسائل سےمتعلق ایم کیو ایم درست بات کررہی ہے، ایم کیو ایم نے جائز معاملات سامنے رکھے ہیں، اس پر بات ہوگی، صوبے میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے ہم بات کریں گے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان کا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم کی کراچی کے بارےمیں ایک سوچ ہے جس سے ہم مکمل اتفاق کرتے ہیں، نوکریوں میں حصہ کراچی کے شہریوں کا حق ہے، پی پی کو اپوزیشن کے پلیٹ فارم پرآنے والی جماعتوں کے تحفظات کا ازالہ کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم کی پیپلز پارٹی اور شہبازشریف سے بات ہوئی ہے، اعلیٰ قیادت مشاورت کر کے ایم کیو ایم کو گارنٹی دے دے گی۔ق لیگ کے حوالے سے سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ مجھے علم نہیں (ق )لیگ نے وزارت اعلیٰ کی بات کی ہے ۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال بعد اب حکومت پر بھروسہ نہیں ہے، اگر مسلم لیگ ن اور مولانا فضل الرحمان ضمانت دیں تو آصف زرداری کے وعدے پر اعتبار کرکے اپوزیشن کے ساتھ جاسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں