بھارتی مواد بہتر قرار، پاکستان میں بولڈ سین نہیں کرسکتے لیکن اب بولڈ موضوعات پر بات کرسکتے ہیں: صبا قمر نے دل کھول کر رکھ دیا

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے بھارتی مواد کو پاکستان سے بہتر قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بھارت اب روایتی ساس بہو کے کردار سے بہت آگے نکل چکا ہے، پاکستان میں پابندیوں کی وجہ سے بولڈ سین نہیں کرسکتے لیکن اب بولڈ موضوعات پر بات کرسکتے ہیں، وہ بھارتی خبررساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ کو لاہور سے ٹیلیفون پر انٹرویو دے رہی تھیں۔

انفو نیوز کے مطابق صبا قمر نے کہا کہ میں اپنی پہلی فلم میں عرفان خان کے ساتھ کام کرنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں، ہندی میڈیم کے بعد جب اداکارہ ودیا بالن نے میری تعریف کی تو اس وقت لگا جیسے میں چاند پر ہوں۔ جب مجھے فلم فیئر ایوارڈز میں ودیا بالن، سری دیوی، کنگنا رناوت اور عالیہ بھٹ کے ساتھ بہترین اداکارہ کی کیٹیگری میں شامل کیا گیا تو اس وقت میری خوشی دیدنی تھی۔

انہوں نے بالی وڈ میں مزید کام کرنے سے متعلق کہا کہ میں ایک مثبت سوچ کی مالک ہوں اور اچھے کی امید کررہی ہوں، اگر خدا نے چاہا تو مستقبل میں مزید فلمیں کروں گی۔صبا قمر نے بھارتی مواد کو پاکستان سے بہتر قرار دیا اور کہا کہ اب بھارت میں کرداروں کو حقیقی روپ دیا جانے لگا ہے، بھارت اب روایتی ساس اور بہو کے کردار دکھانے سے کافی آگے نکل چکا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف قسم کا مواد تیار کیا جاتا ہے، پاکستان میں پابندیاں عائد ہیں اسی لیے وہاں بولڈ سین بھی نہیں کیے جاسکتے لیکن پاکستان میں اب بولڈ موضوعات پر بات کی جانے لگی ہے جس سے لوگ سیکھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ صبا قمر اور نعمان اعجاز کی پاکستانی فلم ‘مسٹر اینڈ مسز شمیم’ ’ کو 11 مارچ سے بھارتی سٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ پر ریلیز کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں