اسلام آباد:(آئی این این) لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا مہم کے معاملہ پر منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کیخلاف (وفاقی تحقیقاتی ادارے) ایف آئی اے نے تحقیقات کے لئے چار رکنی جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کریش پر سوشل میڈیا مہم پر ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی نے سائبر کرائم سرکل کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے، ڈی جی سائبر کرائمز محمد جعفر ٹیم کی سربراہی کریں گے۔
اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ کمیٹی میں ڈائریکٹر ایف آئی اے وقار الدین سید بھی شامل ہوں گے، جے آئی ٹی ہیلی کاپٹر کریش پر منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرے گی، خصوصی کمیٹی منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کی شناخت کے بعد مقدمات کا اندراج بھی کرے گی۔
10 ارب کی چوری، ایف آئی اے کا پاکستان اسٹیل ملز کو نوٹس
اس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان اسٹیل مل کو 10 ارب کی چوری کے معاملے پر نوٹس بھیج دیا۔
پاکستان اسٹیل ملز میں دس ارب روپے مالیت کے مواد کی چوری کے معاملے پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کردیا، تحقیقات کیلئے دو انکوائری رجسٹرڈ کر کے ڈیٹا جمع کرنا شروع کردیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے اسٹیل ملز کو مراسلہ ارسال کیا گیا، جس کے مطابق یکم جنوری 2018 تک تعینات رہنے والے ملازمین کے کوائف طلب کئے گئے ہیں۔
ایف آئی نے سکیورٹی، سپروائزر اسٹوریج سمیت دیگر اسٹاف کا ڈیٹا بھی مانگ لیا، اسٹیل مل کے خلاف درخواست گزار کا ریکارڈ بھی قلمبند کرنے، شواہد جمع کرنے کے بعد تمام متعلقہ افسران کو طلب کیا جائے گا۔