پاک بحریہ کے مقامی طور پر تیار کردہ فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل ’پی این ایس ہیبت‘ کی کمیشننگ اور تیسرے 16 ٹن بولارڈ پل ٹگ ’پی این ٹی گوگا‘ کی شمولیت کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔
پی این ایس ہیبت پہلا لینڈ مارک پروجیکٹ ہے جسے میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس نے مقامی طور پر ڈیزائن کیا ہے اور اسے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (کے ایس اینڈ ای ڈبلیو) نے بغیر کسی غیر ملکی تکنیکی مدد کے بنایا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ نے اس بات پر زور دیا کہ پی این ایس ہیبت کی شمولیت مقامی ڈیزائن اور تعمیر میں ایک نئے باب کا آغاز کرتا ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید پختہ ہو گیا ہے۔
پاک بحریہ کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کی مجموعی سیکیورٹی کے تناظر میں پی این ایس ہیبت سمندری دفاع کو یقینی بنانے اور بحر ہند کے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے بحری چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں کو مضبوط کرے گا، انہوں نے کے ایس اینڈ ای ڈبلیو، ایم ٹی سی اور پاکستان نیوی کی جانب سے کی جانے والی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔
اس سے قبل کے ایس اینڈ ای ڈبلیو کے منیجنگ ڈائریکٹر ریئر ایڈمرل اطہر سلیم نے اس بات پر زور دیا کہ میزائل کرافٹ پی این ایس ہیبت کے ایک کثیر مشن کے قابل پلیٹ فارم ہونے کی وجہ سے پاک بحریہ کی میری ٹائم دفاعی صلاحیتوں کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی این ٹی گوگا کی شمولیت بھی ایک سنگ میل ہے جس سے مقامی جہازوں کی تعمیر کی صلاحیتوں کو تقویت ملے گی۔
ریئر ایڈمرل اطہر سلیم نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ کے ایس اینڈ ای ڈبلیو نے بین الاقوامی معیار کے مطابق مختلف پراجیکٹس مکمل کیے ہیں۔
تقریب میں غیر ملکی معززین، وفاقی اور صوبائی حکومتوں پاکستان نیوی اور کے ایس اینڈ ای ڈبلیو کے حکام نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ پی این ایس ہیبت پہلا لینڈ مارک پروجیکٹ ہے جسے میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس نے مقامی طور پر ڈیزائن کرتے ہوئے بغیر کسی غیر ملکی تکنیکی مدد کے تیار کیا ہے۔
میزائل کرافٹ پی این ایس ہیبت جدید ترین ملٹی مشن ویسل ہے جس میں نگرانی کی وسیع صلاحیت موجود ہے، یہ پلیٹ فارم زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل سسٹم سے لیس ہے۔