لاہور: ٹی وی اور فلموں کے معروف اداکار محمد قوی خان 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اداکار قوی خان کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور کچھ عرصے سے علاج کی غرض سے اپنے بچوں کے پاس کینیڈا میں ہی مقیم تھے، قوی خان 1942 میں پشاور میں پیدا ہوئے، انہوں نے ٹی وی، تھیٹرز، فلموں اور ریڈیو میں اپنے فن کے جوہر دکھائے ہیں۔
اداکار کو پرائیڈ آف پرفارمنس اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا جبکہ حکومت نے رواں سال انہیں پاکستان کے سب سے بڑے ایوارڈ “نشان پاکستان” کیلئے بھی نامزد کر رکھا تھا اس کے علاوہ انہیں ریڈیو اور پاکستان ٹیلی ویژن نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا ہے۔
اداکار قوی خان نے لاکھوں میں تین، الف نون، اندھیرا اجالا، دن، انگار وادی، آشیانہ جیسے ڈراموں میں کام کیا، ٹائیگر گینگ، مٹی کے پتلے، سوسائٹی گر، بیگم جان، سرفروش جیسی فلموں میں بھی اداکاری کی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر اہم شخصیات نے لیجنڈ اداکار قوی خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے اور اپنے تعزیتی پیغامات میں انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔