لاہور۔19جنوری :وزیراعظم محمد شہباز شریف سے روس کے وزیر توانائی نکولے شولگینوف کی قیادت میں وفد نے جمعرات کو لاہور میں ملاقات کی،دونوں اطراف نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے کی اہمیت پر اتفاق کیا،روس سے پاکستان کو طویل المدتی بنیادوں پر تیل اور گیس کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق روسی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے روس کے ساتھ تعلقات کی پاکستان کے لئے اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے ستمبر 2022 میں سمرقند میں صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ اپنی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات میں پاکستان اور روس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے تھے۔
انہوں نےتجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی امور میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے دونوں اطراف کی گہری خواہش کا بھی ذکر کیا۔روس کے وزیر توانائی نے وزیر اعظم کو روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا جس میں صدر پیوٹن نے پاکستان کو جنوبی ایشیا اور عالم اسلام میں روس کا اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے روس کی بھرپور دلچسپی کا اعادہ کیا۔
دونوں اطراف نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔اس سلسلے میں روس سے پاکستان کو طویل المدتی بنیادوں پر تیل اور گیس کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گیس پائپ لائنز سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے 20 جنوری 2023 کو اسلام آباد میں ہونے والے پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے آٹھویں دور کے امور پر رہنمائی فراہم کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔