اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے دعویٰ کیا ہے کہ مڈل کلاس طبقے کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ تنخواہ دار طبقے کو مشکلات کا سامنا ہے۔
انفو نیوز نیٹ ورک کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملکی معیشت کے حوالے سے بہت اچھی خبر آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گردشی قرضے میں سالانہ 130 ارب روپے کی کمی ہورہی ہے۔
حماد اظہرنے کہا کہ ن لیگ کسی اپنے اقتدار کے آخری سال کے قرضوں کا نہیں بتاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی بیماری ملی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ملکی تاریخ کا ریکارڈ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ملا لیکن حکومت نے کورونا کے باوجود معاشی استحکام کا ہدف حاصل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعت میں 7.8 فیصد جب کہ خدمات کے شعبے میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔
حماد اظہر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب معیشت 5.38 فیصد سے ترقی کرے گی تو ہزاروں نوکریاں پیدا ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر مہنگائی کا سیلاب آیا ہے اور اس کا اثر پاکستان پر بھی پڑا ہے۔
پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ لاہور واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، کسی شرپسند کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کاہ کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے لاہور واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔