مویشی باڑوں میں لمپی اسکین کی وبا پھوٹنے کے بعد مرغی کے گوشت کی طلب بڑھ گئی، شہر میں زندہ مرغی 330 سے 336 روپے فی کلو جبکہ مرغی کا گوشت 570 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مرغی کا بغیر ہڈی والا گوشت 700 روپے سےزائد اور ہر علاقے میں مختلف قیمتوں میں فروخت کیا جارہا ہے، مرغی کے بغیر ہڈی والے گوشت کی قیمت بچھڑے کے گوشت سے زیادہ مختلف نہیں ہے، بون لیس مرغی کا 750 جبکہ بچھڑے کا گوشت 850 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔
شہر میں کچھ دکاندار ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بون لیس چکن علیحدہ کرنے پر 20 سے30 روپے اضافی وصول کر رہے ہیں، تاہم شہر میں مرغی کا گوشت 480 سے 500 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔
فروری کے پہلے ہفتے تک زندہ مرغی 190 سے 210 فی کلو فروخت کی جارہی تھی جبکہ مرغی کا گوشت 350 سے 380 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا تھا۔
سین سیٹیو پرائس انڈیکیٹر (ایس پی آئی) کے مطابق 3 مارچ کو اختتام پزیر ہونے والے ہفتے میں ملک بھر میں چکن کی قیمت میں 10.47 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اسی دوران کراچی میں زندہ مرغی 300 سے320 روپے فی کلو، اسلام آباد میں 265 روپے سے 275 روپے، سیالکوٹ میں 258، لاہور میں 246، فیصل آباد میں 261، گوجرانوالہ میں 252، سرگودھا میں 250، لاڑکانہ میں 285، حیدرآباد میں 290 سے 300 ، ملتان میں 290 جبکہ پشاور میں 268 روپے فی کلو زندہ مرغی فروخت کی جارہی ہے۔
کشمنر کراچی کی جانب سےگزشتہ 2 سال سےزندہ مرغی اور مرغی کے گوشت کی قیمت تبدیل نہیں کی گئی، کمشنر کراچی کی فہرست کے مطابق زندہ مرغی 138 روپے فی کلو جبکہ مرغی کے گوشت کی قیمت 214 روپے فی کلو ہے۔
متعلقہ ادارے فہرست میں درج کردہ قیمتوں پر عمل درآمد کروانے سےقاصر ہیں، تاہم دکان داروں کی جانب سے بھی سرکاری نرخوں کی فہرست دکانوں پر واضح نہیں کی جاتی جبکہ دکاندار مختلف علاقوں میں مختلف قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔
پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر رانا سجاد ارشد کا کہنا تھا کہ ’پی پی اے نے اپنی ویب سائٹ پر واضح طور پر درج کردیا ہے کہ پولٹری اور اس کی مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں اس کا کوئی کردار نہیں ہے‘۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ پولٹری کی قیمتوں میں اضافے کی متعدد وجوہات ہیں، جس میں سویا بین کھانے پر 5 فیصد سے 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولٹری سے متعلق ادویات اور ویکسین میں 17 فیصد جی ایس ٹی وصول کیا جارہا ہے۔
سندھ پولٹری ہول سیلرز ایسوسی ایشن (ایس ڈبلیو پی اے) کے جنرل سیکریٹری کمال اختر صدیقی نے کہا کہ پولٹری کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان ہے شہری گوشت سے چکن کی طرف منتقل ہورہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ زندہ مرغی کی ریٹیل قیمت 300 روپے اور مرغی کے گوشت کی 440 روپے فی کلو ہے، جبکہ مرغی کا بغیر ہڈی والا گوشت 560 روپے سے 570 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔