پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی علیم خان نے وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے لیے مجھ سے آدھی قربانی دی ہوتو اس کا نام بتائیں۔
پی ٹی آئی کے ناراض رہنما علیم خان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت ساری ایسی باتیں تھی جو میں چاہتا تھا کہ قوم کے سامنے رکھوں اور لوگوں تک کچھ حقائق پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ حقائق جن کا شاید لوگوں کو احساس نہیں ہے، 2010 سے میں عمران خان کا ساتھ دینا شروع کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 30 اکتوبر 2011 کا جلسہ آیا تو عمران خان اور میاں محمودالرشید میرے پاس تشریف لائے اور کہا کہ یہ جلسہ آپ نے آرگنائز کرنا ہے اور اس کے بعد 2018 تک شاید ہی کوئی ایسا ایونٹ، جلوس، ریلی اور احتجاج نہیں جس کی انتظامی ذمہ داری میری یا میری ٹیم کی نہ رہی ہو۔
علیم خان نے کہا کہ تمام ایونٹس میں کوشش کی کہ تحریک انصاف پر کبھی کوئی بوجھ نہ پڑے، اپنے وسائل سے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر ان کو اٹھایا، اس میں جہانگیر ترین اور میرے ذاتی دوستوں نے بہت مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ جب ڈاکٹر یاسمین راشد کا الیکشن آیا تو ہم نے فنڈ ریزنگ کی تو اس میں جہانگیرترین، میں اور میاں خالد محمود نے اس میں حصہ ڈالا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 2018 تک جتنے جلسےاور جلوس ہوئے ان میں ایک نئے پاکستان کے لیے عمران خان کا ساتھ دیا، ایک ایسا پاکستان جس میں ہمیں اپنے بچوں کا مستقبل نظر آتا تھا۔
علیم خان نے کہا کہ ہم واقعی سمجھتے تھے کہ اگر پاکستان کو آگے بڑھانا ہے تو اس میں ایک ایسا پاکستان چاہیے جس میں لوگوں کا مستقبل محفوظ ہوں اور ہمارے بچے ایک خوب صورت پاکستان میں رہیں اور اس کے لیے ہم نے اپنا حصہ ڈالا، عمران خان یا کسی پر احسان نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ میرا بھی اتنا بھی ملک ہے جتنا کسی اور کا ہے اور میں اپنے ملک کی ترقی کے لیے حصہ ڈالا ہے اور میں جس حد تک جاسکا گیا، میرا کاروبار تھا اور لاہور شہر میں حکومت کے خلاف کھڑا ہونا کوئی آسان نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے اندر ایک جذبہ تھا کہ میں نے اپنے ملک کے لیے کچھ کرنا ہے، جس نے مجھے سب کچھ دیا ہے، مجھے شہرت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھرنا ہوا تو میں 126 دن وہاں رہا، ایک،ایک دن کیسے رہا، صفائی، کھانا اور پانی پہنچانے کی ذمہ داری خود ادا کرتا رہا ہوں۔
علیم خان نے کہا کہ آج لوگ کہتے ہیں کہ علیم خان نے پی ٹی آئی کے ساتھ غداری کی ہے، میں پوچھتا چاہتا ہوں کہ جتنا اس پی ٹی آئی اور عمران خان کا ساتھ علیم خان نے دیا ہے، کوئی میرے سے آدھی قربانی دینے والا آیا تو میرے سامنے لے کر آؤ۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب! میں آپ کو کہنا چاہتا ہوں کہ اگر پوری تحریک انصاف میں علیم خان سے آدھی بھی قربانی دی ہے تو اس کا نام لے کر دکھائیں۔