لاہور: اسپیشل سینٹرل کورٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ضمانتیں منظور کر لیں۔
لاہور کی اسپیشل سینٹرل کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں کی توثیق کر دی۔
عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 10،10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔ عدالت نے شریک ملزمان کو بھی 2،2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔
اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور نے تمام ملزمان کو 7 روز میں مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور میں پیش ہوئے تو عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کی حاضری لگانے کا حکم دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملک مقصود کی خبر میڈیا پر چل رہی ہے کہ وہ فوت ہو گیا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) حکام نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک ملک مقصود کی وفات کی تصدیق نہیں ہوئی اور ہم نے تصدیق کے لیے انٹر پول کو لکھا ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ہم پھر ملک مقصود کو اشتہاری کیسے قرار دیں گے؟ ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ہمیں آفیشل طور پر تصدیق نہیں ہوئی کہ ملک مقصود مر چکا ہے۔