اسلام آباد: (آئی این این) سابق وزیر اعظم پاکستان اور پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن بے نظیر بھٹو کا 70واں یوم پیدائش آج منایا جائے گا۔ بے نظیر بھٹو کو عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم ہونے کا اعزاز حاصل ہے
سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کی صاحبزادی محترمہ بے نظیر بھٹو 21 جون 1953 میں سندھ کے مشہور سیاسی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ 4 اپریل 1979 کو ذوالفقار علی بھٹو کی وفات کے بعد بے نظیر بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سنبھالی۔ 1988 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ نشستیں پیپلز پارٹی نے حاصل کیں اور بے نظیر بھٹو نے دو دسمبر1988 میں 35 سال کی عمر میں ملک اور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم کے طور پر حلف اٹھایا۔
بے نظیر بھٹو کی حکومت کا تختہ جلد الٹ دیا گیا لیکن 1993 میں پھر پاکستان کی وزیر اعظم منتخب ہوئیں۔ محترمہ کو پاکستان اور عالم اسلام کی دو دفعہ خاتون وزیر اعظم بننے کا اعزاز حاصل ہے۔2007 میں بے نظیر بھٹو کی واپسی پر 18 اکتوبر کو کراچی میں بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا مگر وہ محفوظ رہیں لیکن اسی سال 27 دسمبر کو راولپنڈی لیاقت باغ میں جلسے سے واپسی پر شہید کر دیا گیا۔ پیپلز پارٹی ہی نہیں ان کے مخالفین بھی ان کی بہادری اور سیاسی بصیر ت کے قائل ہیں۔