اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سپریم کورٹ کی جانب سے دئے جانے والے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ شکر الحمد للّٰہ رب العالمین، قوم کو آئین کی سر بلندی بہت بہت مبارک ہو۔
نجی نیوز کے مطابق انہوں ںے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئین توڑنے والوں کا کام ہمیشہ کے لیے تمام ہوا، اللّہ پاکستان کو چمکتا دمکتا رکھے۔
ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ شہباز شریف انشاءاللّہ وزیر اعظم ہوں گے، پاکستان کو عوام دشمن، نالائق ترین، نا اہل ترین اور ناکام ترین حکومت سے نجات بھی بہت بہت مبارک ہو۔
واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ، صدر مملکت کی جانب سے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے۔