تحریک انصاف کا الیکشن کے اعلان تک اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) وفاقی دارالحکومت پر اپنے مارچ کے لیے بڑے پیمانے پر متحرک ہونے کی تیاری کر رہی ہے اور ایسے میں پارٹی چیئرمین عمران خان نے پیر کو انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے پشاور، لاہور اور ملتان کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا اور اعلان کیا ہے کہ مارچ کی کال صرف چند ہفتوں میں دی جائے گی۔

نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم نے پی ٹی آئی کارکنوں کو ایک ویڈیو پیغام میں اعلان کیا کہ جب تک عام انتخابات کا اعلان نہیں ہوتا، اس وقت یہ مارچ ایک دھرنے کی شکل میں جاری رہے گا۔

دوسری جانب پارٹی قیادت نے 26ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ پارٹی کارکنان اور سپورٹرز (آج) منگل کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفاتر کے باہر پہنچیں گے اور چیف الیکشن کمشنر کے مبینہ ’متعصبانہ رویے‘ کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے،

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ اسلام آباد کی طرف مارچ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے تین شہروں میں پارٹی کارکنوں اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

اپنے ویڈیو بیان میں پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میری پارٹی انصاف اور سبز پاسپورٹ کا احترام یقینی بنانے کے لیے قائم کی گئی تھی، میں نے 14 سال جدوجہد کی اور پھر لوگوں نے میری بات سننی شروع کر دی اور میں مینار پاکستان کو بھرنے میں کامیاب ہو گیا، اقتدار میں آنے کے بعد ہم نے ہیلتھ کارڈ دیا جس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

تاہم انہوں نے کہا کہ تمام بدعنوان طاقتیں میرے خلاف متحد ہوگئیں اور ’غیر ملکی طاقتوں کی حمایت‘ سے حکومت کا تختہ الٹ دیا۔

اس کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنی پارٹی کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفاتر کے باہر احتجاج کریں، اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ‘صرف چند ہفتوں میں آپ کو اسلام آباد کی طرف مارچ کی کال دوں گا اور ہم عام انتخابات کے اعلان تک وفاقی دارالحکومت میں دھرنا دیں گے’۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ ان کی پارٹی نے ملک میں دو جماعتی نظام کو ختم کر دیا ہے جس کی بدولت قوم کو اپنی پسند کے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار دیا گیا ہے، ہم نے جاگیردارانہ سیاست کا خاتمہ کر دیا ہے اور اب عوام کو اہمیت دی جا رہی ہے، مشکلات کے باوجود اپنے دور حکومت میں ہم نے لوگوں کے مسائل کو حل کیا۔

پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا مسلم لیگ(ن) کے کارکن جیسا رویہ اختیار کر رہے ہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ پوری قوم منگل کو چیف الیکشن کمشنر کے رویے کے خلاف احتجاج کرے گی اور مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن پی پی ٹی آئی کے منحرف افراد کو جلد از جلد ڈی نوٹیفائی کرے، اس سلسلے میں تاخیر آئین کی خلاف ورزی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں