’صنف آہن‘ کا سین وائرل ہونے کے بعد شہریار منور اور سائرہ یوسف کی تعریفیں

میگا کاسٹ پر مبنی فوجی ڈرامے ’صنف آہن‘ کی حال ہی میں نشر ہونے والی 19 ویں قسط کے ایک سین کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اداکارہ سائرہ یوسف اور شہریار منور کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

’صنف آہن‘ کو گزشتہ برس سے ’اے آر وائی ڈیجیٹل‘ پر نشر کیا جا چکا ہے اور اب تک اس کی ڈیڑھ درجن سے زائد قسطیں دکھائی جا چکی ہیں۔

حال ہی میں اس کی 19 ویں قسط نشر کی گئی، جس کے ایک سین کی کلپ وائرل ہونے کے بعد ڈرامے کے اداکاروں کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

ڈرامے کی وائرل ہونے والی کلپ میں سائرہ یوسف کو اپنے سابق بوائے فرینڈ کو بلاکر ان سے موبائل مانگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

سین میں دکھایا گیا ہے کہ سائرہ یوسف فوج میں جانے کے بعد بوائے فرینڈ کی جانب سے تصویر وائرل کیے جانے پر ان سے تعلقات ختم کردیتی ہیں اور ان سے موبائل مانگتی ہیں، تاکہ وہ اس میں موجود اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردیں۔

مذکورہ منظر میں سائرہ یوسف اپنے بوائے فرینڈ کو بتاتی سنائی دیتی ہیں کہ فوج میں جانے اور وردی پہننے کے بعد ان کی اہمیت تبدیل ہوگئی ہے اور اب وہ پہلے جیسی غیر اہم نہیں رہی۔

سین میں دکھایا گیا ہے کہ سائرہ یوسف کے ایسے رویے پر ان کے بوائے فرینڈ ان کے ساتھ نامناسب لہجے میں بات کرتے ہوئے انہیں یاد دلاتے ہیں کہ فوجی وردی پہننے سے ان کی اہمیت تبدیل نہیں ہوئی اور وہ ان کے لیے ویسی ہی ہیں، جس پر بوائے فرینڈ انہیں موبائل دینے سے انکار کرنے کے بعد اٹھ کر چلے جاتے ہیں۔

سین وائرل ہونے کے بعد سائرہ یوسف اور شہریار منور کی تعریفیں کی جا رہی ہیں—اسکرین شاٹ
وائرل ہونے والے سین کے مطابق بوائے فرینڈ کی جانب سے موبائل فون نہ دیے جانے کے بعد اچانک وہاں شہریار منور آجاتے ہیں جو کہ ڈرامے میں کپتان کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

سین مں دکھایا گیا ہے کہ شہریار منور کے سخت لہجے اور سمجھانے کے بعد سائرہ یوسف کے سابق بوائے فرینڈ خوف زدہ ہوجاتے ہیں اور شہریار منور کو اپنا موبائل بھی دے دیتے ہیں۔

ڈرامے کے سین میں بوائے فرینڈ کی بلیک میلنگ، اس کے نامناسب رویے، سائرہ یوسف کی جانب سے فوجی وردی پہننے کے بعد اپنی اہمیت تبدیل ہوجانے اور شہریار منور کی جانب سے دبنگ اور ذمہ دارانہ انداز کو دکھانے پر اداکاروں کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

متعدد سوشل میڈیا صارفین نے سائرہ یوسف اور شہریار منور کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دونوں کی اداکاری کو سراہا اور لکھا کہ ایسے ہی مناظر اور مواد کو پاکستانی ٹی وی پر دکھانے کی ضرورت ہے۔

جہاں لوگوں نے شہریار منور کی اداکاری کو سراہا، وہیں بعض لوگوں نے سائرہ یوسف کے بوائے کے کردار نوروز کی حالت پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں