لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو ظالم حکومت کے خلاف باہر نکلنا ہو گا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے خاتمے تک مہنگائی کا ظلم ختم نہیں ہو گا اور عوام کو ظالم حکومت کے خلاف باہر نکلنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی کی سزا دینے والی حکومت سے نجات دلا کر ریلیف دیں گے۔ عمران نیازی کے ہر فیصلے سے مہنگائی بڑھتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت عوام کی سفید پوشی کی چادر چھیننے پر تلی ہوئی ہے اور عمران نیازی کے نئے پاکستان میں غریب کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے نئے پاکستان میں صرف مافیا اور کارٹلز کی جیبیں بھری جا رہی ہیں۔