وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چین اور سعودی عرب نے پاکستان کو 13 ارب ڈالر کا پیکج فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ موجودہ مالی سال چین قرضہ رول اوور کرنے سمیت 8.8 ارب ڈالر کی معاونت کرے گا۔
چین 4 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کی واپسی رول اوور کرے گا، اس کے علاوہ پاکستان کو 3.3 ارب ڈالر کے چینی کمرشل قرضے بھی فراہم کئے جائیں گے، چین 1.45 ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ کرے گا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے 4.2 ارب ڈالر کی اضافی رقم فراہم کرنے کا امکان ہے جس میں 3 ارب ڈالر کے اضافی ذخائر اور مؤخر ادائیگی پر تیل کی سہولت شامل ہے، سعودی عرب گوادر میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس تعمیر کرے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ چینی اور سعودی قیادت نے وزیراعظم شہباز شریف کو تعاون کی یقین دہانی کرا دی، دونوں ملک جون 2023 تک پاکستان کی مالی ضروریات کا خیال رکھیں گے،چین نے ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے پر کام جلد شروع کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا ہے۔