کراچی(آئی این این) خلیج بنگال میں موجود سسٹم سے منگل کے روز کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ معمول سے تیز ہوائیں اور آندھی بھی چل سکتی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کے وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا ایک سسٹم منگل کی رات کو کراچی میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کا سبب بن سکتا ہے۔
سندھ کے اضلاع تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، میرپورخاص،ٹنڈومحمد خان، سجاول اور ٹھٹھہ میں بھی آندھی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والا مون سون سسٹم اڑیسہ بھارت کے قریب میں موجود ہے، دو روز بعد وسطی بھارت پہنچنے کے بعد کراچی میں آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کا سبب بن سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ کراچی میں اس سسٹم کے نتیجے میں بارش کا 40 فیصد تک امکان ہے،صورتحال سسٹم کے قریب آنے پر مزید واضح ہوگی جبکہ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم گرم ومرطوب ریکارڈ ہوسکتا ہے۔