اسلام آباد: (آئی این این) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جب بھی جمہوریت پر شب خون مارا گیا تو یہ پھر نئے جذبے سے لوٹی ہے۔
پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر اسلام آباد میں قومی پرچم کی پینٹنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلح افواج اور پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ڈی چوک ہمیشہ احتجاج کے لیے استعمال ہوا ہے لیکن آج ڈی چوک پر ہنرمند بچے قومی پرچم کی پینٹنگ کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے پر قوم اکھٹی ہوئی ہے، قائداعظم کی جدوجہد نے یہ ملک بنایا اور ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں اس مٹی کا مستقبل ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پولیس کے جوانوں کو مارچ پاسٹ کے لیے بھیجنے پر وزیر داخلہ کے مشکور ہیں، جب بھی جمہوریت پر شب خون مارا گیا تو یہ پھر نئے جذبے سے لوٹی، ذوالفقار علی بھٹو کے ایٹمی پروگرام کو نواز شریف نے دباؤ کے باوجود ناقابل تسخیر بنایا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب کو ملک کی تمام صوبائی اکائیوں کے ساتھ جوڑا ہے اور ن لیگ کے دور میں دہشت گردی ختم کی گئی جبکہ ترقی کو 6 فیصد پر پہنچایا گیا، جمہوری قیادتیں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی رہی ہیں اور نوجوان پاکستان کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔