اسلام آباد: (آئی این این) برطانیہ میں خیرات کے لیے جمع کی جانے والی رقم پی ٹی آئی کو منتقل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں خیرات کیلئے جمع رقم پی ٹی آئی کو منتقل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے، برطانوی اخبار فنانشل ٹائمزنے رقم منتقلی پر رپورٹ جاری کردی۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی نے پی ٹی آئی کے لیے خیرات کے نام پر رقم اکٹھی کی، برطانیہ میں ٹی 20 میچ کروائے گئے، اس کے علاوہ مختلف ذرائع سے حاصل کی جانے والی رقم پی ٹی آئی کو منتقل کی گئی۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عارف نقوی نے کیمن آئی لینڈز میں شامل کمپنی ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کو پاکستان تحریک انصاف کے بینک رول کے لیے استعمال کیا۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی نےکرکٹ ایونٹس کرائے، ایک کرکٹ میچ آکسفورڈ شائر میں عارف نقوی کی محل نما رہائش گاہ پر کھیلا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ اس کا فائدہ پاکستان میں سیاسی جماعت اٹھارہی تھی، یہ غیرمعمولی بات تھی، فیس ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کو دی گئی جو دراصل کیمن آئی لینڈز میں رجسٹرڈ کمپنی تھی، کیمن آئی لینڈز میں رجسٹرڈ کمپنی عارف نقوی کی ملکیت تھی، یہ رقم پی ٹی آئی کوفنڈ دینے کے لیے استعمال کی گئی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہےکہ ووٹن کرکٹ کوکئی کمپنیوں اور افراد نےلاکھوں ڈالرکےفنڈز دیے، ابوظبہی کے شاہی خاندان کے ایک وزیرنے بھی 20 لاکھ پاؤنڈز دیے۔