کراچی:(آئی این این) پنجاب اور اسلام آباد کے بعد سندھ نے بھی کاروباری اوقات کار کی پابندیوں سے چھوٹ دے دی ہے۔
توانائی بچت مہم کے حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق سندھ میں بھی 10 جولائی تک کاروباری اوقات کی پابندیوں سے استثنٰی دے دیا گیا۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھر میں تمام تجارتی مارکیٹیں، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز آج سے 10 جولائی تک پابندیوں سے مستثنیٰ ہونگے، توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے عائد کی گئی پابندیوں کا اطلاق 11 جولائی سے ہوگا۔
دوسری جانب عیدالاضحیٰ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے بھی دکانوں کی بندش سے متعلق احکامات 10 جولائی تک معطل کر دیے، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دکانوں کی بندش کے احکامات معطل کرنےکا فیصلہ عوام کے مفاد میں کیا گیا ہے۔
پنجاب: مارکیٹوں، بازاروں کو رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم کرنے کا اعلان
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے مارکیٹوں اور بازاروں کو رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام اور تاجر برادری کو بڑی عید سے قبل بڑا تحفہ دیدیا، حمزہ شہباز نے مارکیٹوں اور بازاروں کورات 9 بجے رات بند کرنے کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے کا اطلاق پنجاب بھر میں آج سے ہو گا، چاند رات تک مارکیٹوں اور بازاروں پر وقت کی پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا، پنجاب حکومت نے یہ فیصلہ تاجر برادری اور عوام کی سہولت کیلئے کیا ہے، فیصلے سے کاروبار اور شاپنگ میں آسانیاں پیدا ہوں گی، 9جولائی کی رات تک مارکیٹوں اور بازاروں پر وقت کی پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا ۔