اسلام آباد: (آئی این این) صوبائی وزرا اور لیگی رہنما ملک احمد خان اور عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان نت نئے جھوٹ گھڑنے کے ماہر ہیں، حکومت ختم ہونے لگی تو بیرونی سازش کا بیانیہ دیا گیا، پاکستان کو خطرہ بیرونی نہیں عمران خان کی کی اندرونی سازش سے ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنماوں، صوبائی وزیر قانون ملک احمد خان اور ترجمان حکومت پنجاب عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال عوامی خدمت کے نام پر لوٹ مار ہوتی رہی، تحریک انصاف ضمنی الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہی ہے، جو عمران خان کے خلاف بولے وہ غدار، کرپشن چھپانے کیلئے الزامات لگانا ان کا ویترہ ہے۔
ملک احمد خان نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنی حکومت جانے کےبعداداروں کیخلاف ہرزہ سرائی شروع کردی، وہ اپنے سوا تمام سیاسی جماعتوں کو ناسمجھ کہتے اور خود کو حق اور سچ کا علمبردار سمجھتے ہیں، اپنی خفت مٹانے کیلئےنت نئے جھوٹ گھڑتے رہتے ہیں، حکومت ختم ہونے لگی تو بیرونی سازش کا بیانیہ بنا دیا۔ سازش سے متعلق ایک خط کا چرچا کیا گیا، اگرسازش کاپتہ چل گیا تھا تو اس ملک کےسفیر کو کیوں نہیں بلایا، اس ملک کو جوابی مراسلہ کیوں نہیں لکھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بیرونی سازش کانام لے کراندرونی سازش کی، بیرون ملک سے ملےتحائف بیچ دیئے، عمران خان کو”توشہ خان” سے بہتر نام نہیں دیا جا سکتا، یہ عوامی خدمت کے نام پر عوام کو لوٹتے رہے۔ عمران خان کے آئینی حدود میں رہ کرسیاست کرنے پر اعتراض نہیں، انہوں نے کرپشن کی بنیاد پر جھوٹ کی سیاست کی۔