لاہور: (آئی این این) لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کی رمضان شوگر ملز ریفرنس میں مستقل حاضری معافی کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد ساجد علی اعوان نے تین صفحات پر مشتمل حکم نامے میں فیصلہ کہا کہ شہباز شریف 2021ء سے باقاعدگی سے عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں، اب شہباز شریف وزیر اعظم پاکستان بن چکے ہیں اور آئینی ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں، یہ حقیقت ہے کہ شہباز شریف کا ہر پیشی پر عدالت پیش ہونا مشکل ہے۔
تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی غیر موجودگی میں ٹرائل میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوگی۔
فیصلے میں جج محمد ساجد علی اعوان نے کہا کہ تمام حقائق اور حالات کے پیش نظر شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کی جاتی ہے، تاہم شہباز شریف کا ذاتی حیثیت میں جب پیش ہونا عدالت کو درکار ہوگا تو وہ پیش ہونے کے پابند ہوں گے۔
لاہور کی احستاب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف کی جانب سے ان کے نمائندے محمد نواز ایڈووکیٹ کو حاضری کے لیے مقرر کرلیا۔