کراچی: (آئی این این) کراچی میں بدترین بجلی بحران ،کے الیکٹرک نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے، کراچی کیلئے ایک اور شیڈول جاری کر دیا جس میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھا دیا گیا۔
کراچی میں لوڈشیڈنگ سے مستثنی علاقوں میں دن کے بعد اب رات میں بھی لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔
کے الیکٹرک کی طرف سے صارفین کو کیے گئے ایس ایم ایس کے مطابق رات کے وقت مستثنیٰ علاقوں میں کہیں 2 گھنٹے تو کہیں 3گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جائے گی۔
مختلف علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، اب مستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کی جائے گی جب کہ رات کے اوقات میں بھی بجلی بندش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق اب زیادہ چوری والے علاقوں میں اڑھائی گھنٹے کی 4 بار، کم چوری والے علاقوں میں 2 گھنٹے کی 3 بار اور مستثنیٰ علاقوں میں 3 سے 6 گھنٹے تک کے لئے بجلی بند کی جائے گی۔
بجلی کی طویل بندش کے باعث شہریوں، تاجروں کے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے، رات کے اوقات میں بجلی بند کر کے شہریوں کی نیندیں بھی خراب کی جا رہی ہیں۔