شیخوپورہ :ایڈیشنل سیشن جج/ سپیشل جج چائلڈ پروٹیکشن شیخوپورہ سیف اللہ سوہل نے تھانہ ہاٶسنگ کالونی کے مشہور مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم وقاص احمد کو بجرم (iii)376 ت پ کے تحت سزائے موت اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ کی سزاء کا حکم سنایا ہے جبکہ اینٹی ریب ایکٹ 2021 کی سیکشن 17 کے تحت مجرم کو تین لاکھ روپے ہرجانہ بطور معاوضہ متاثرہ وکٹم کو ادا کرنا ہوگا اور جرمانہ کی رقم ادا نہ کرنے پر ملزم کو مزید چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا پڑے گی،
تفصیلات کے مطابق فاضل عدالت کے روبرو محمد جاوید احمد بھٹی ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر اور مستغیثہ کے وکیل معرٶف قانون دان رانا احسن رشید ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے اپنے دلائل پیش کیئے,استغاثہ کے مطابق 17 مئی 2021ء کو مجرم وقاص احمد کے خلاف تھانہ ہاٶسنگ کالونی پولیس نے سگی بیٹی سے زیادتی کرنے کے مقدمہ درج کیا اور ملزم کو گرفتار کر کے چالان فاضل عدالت میں پیش کیا تھا۔
تھانہ ہاٶسنگ کالونی کے علاقہ ڈبلیو بلاک کی رہائشی مدعیہ عفت شاہین کے مطابق وہ 17 مئی کی درمیانی شب میں گھر سے باہر ضروری کام کے سلسلہ میں گئی تھی جب گھر واپس آئی تو گھر کے کمرے سے شور کی آواز آرہی تھی میں جلدی جلدی کمرہ میں داخل ہوئی تو میرا خاوند وقاص احمد اپنے اور میری بیٹی سماریہ جس کی عمر 16سال ہے کے کپڑے اتار کر زبر دستی زنا بالجبر کررہا تھا جو مجھے دیکھ کر جلدی جلدی اپنے کپڑے پہن کر دھمکیاں اور گالیاں دیتا ہوا گھر سے باہر چلا گیا
خاتون کا کہنا تھا کہ جب میں نے اپنی بیٹی سے پوچھا تو اس نے روتے ہوئے بتایا کہ اسکا باپ اکثر اس سے یہ شیطانی کھیل کھیلتا ہے جسکے بعد خاتون نے بیٹی کے ہمراہ تھانہ ہاٶسنگ کالونی جا کر کاروائی کی استدعا کی تو پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش مکمل کی اور متاثرہ بچی کے میڈیکل سمیت تمام شواہد عدالت کے روبرو پیش کئے جن کی روشنی میں فاضل جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کیس کو نمٹا دیا۔