لاہور: (آئی این این) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض معاہدے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسی کا مسودہ موصول ہوگیا ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے قرض پروگرام کی بحالی کا معاملہ، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے سے میمورنڈم آف اکنامکس اینڈ فنانشل پالیسی کا مسودہ موصول ہو گیا ہے جس کے بعد پاکستان ساتویں اور آٹھویں جائزے کو اکٹھا کر سکے گا۔
Early this morning, the Government of Pakistan has received an MEFP from the IMF for combined 7th and 8th reviews.
— Miftah Ismail (@MiftahIsmail) June 28, 2022
ذرائع کے مطابق اب امید ہے کہ پاکستان کو جولائی کے شروع میں آئی ایم ایف سے نئی قسط مل جائے گی۔ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ موجودہ پروگرام 8 ارب ڈالر تک بڑھانے اور آئندہ سال تک توسیع کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔
دوسری جانب کہا جا رہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف مفتاح اسماعیل کی کارکردگی سے خوش نہیں، اس لئے ن لیگی قیادت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پاکستان بھجوانے کی منظوری دیدی ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثنا بھی اس حوالے سے بیان دے چکے ہیں کہ اسحاق ڈار جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں صرف یہی نہیں بلکہ جس عہدے پر چاہیں کام کر سکتے ہیں۔