پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی، اسکالر و ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پہلی دونوں بیویوں کو طلاق دی، نہ وہ عدالت گئے ، نہ انہوں نے خلع کے کاغذات پر دستخط کیے۔
عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے دسمبر 2020 کو بتایا تھا کہ شوہر نے انہیں فون پر طلاق دے دی تھی۔
ان کی دوسری اہلیہ طوبیٰ انور نے 9 فروری کو سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے بتایا تھا کہ انہوں نے شوہر سے خلع لے لی، انہوں نے جولائی 2018 میں عامر لیاقت سے شادی کی تھی۔
عامر لیاقت نے 10 فروری کو تیسری شادی 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ سے کی تھی، جن کے ساتھ وہ یوٹیوبر نادر علی کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے۔
شو میں عامر لیاقت حسین نے نہ صرف تیسری شادی پر کھل کر باتیں کیں بلکہ انہوں نے پہلی دونوں بیویوں کے معاملات پر بھی بات کی۔