اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ٹاپ 10 وزراء کی فہرست میں نام نہ آنے پر برہم ہو گئے اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی ارباب شہزاد ک خط لکھ دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق شاہ محمود قریشی نے اپنےخط میں ٹاپ 10 وزارتوں میں نام نہ آنے پر شدید احتجاج کیا ، اپنی وزارت کی کارکردگی کا ذکر کیا ، خط میں سوالات اٹھائے اور تحریری جواب بھی مانگ لیا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نے ٹاپ 10 وزارتوں کے وزراء کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا تھا جس پر فہرست میں نام نہ آنے والے کپتان کے نزدیکی کھلاڑی ناراض ہو گئے جن میں وزیر مملکت علی محمد خان بھی شامل ہیں۔ علی محمد خان نے گزشتہ روز سینیٹ اجلاس میں خود کو بارہواں کھلاڑی قرار دیتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا تھا ۔
ٹاپ 10 وزراء میں پہلے نمبر پر مراد سعید ، دوسرے پر اسد عمر ، تیسرے پر ثانیہ نشتر ، چوتھے پر فواد چودھری رہے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود ، وزیر خزانہ شوکت ترین ، وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیر توانائی حماد اظہر ٹاپ 10 میں شامل نہ ہو سکے ۔