الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو ملتوی کرنے کے حکم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ای سی پی کی اپیل پر آج (بدھ) کو جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ کی سماعت متوقع ہے۔
یاد رہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے ایبٹ آباد بینچ نے یکم فروری کو ایک زبانی حکم میں خیبرپختونخوا کے 5 اضلاع کے مکینوں کی درخواستیں اس بنیاد پر منظور کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کر دیے تھے کہ ان اضلاع میں مارچ کے آخری ہفتے میں شدید برف باری کا امکان ہے، اس لیے پولنگ سٹیشن قائم کرنا، پولنگ عملے کو روانہ کرنا اور مطلوبہ ریکارڈ اور دیگر آلات کی خریداری ممکن نہیں ہو گی۔
ابتدائی طور پر خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ جنوری کے آخری ہفتے میں منعقد ہونا تھا لیکن ای سی پی نے مقامی ایم این ایز اور ایم پی اے کی جانب سے دائر درخواستوں پر 30 دسمبر 2021 کے حکم نامے کے ذریعے اسے دوبارہ ترتیب دیا تھا۔
گزشتہ ماہ 20 جنوری کو الیکشن کمیشن نے خیبپختونخوا میں 27 مارچ کو دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان کیا تھا۔
ای سی پی کی نمائندگی کرنے والے ایڈووکیٹ افنان کریم کنڈی نے پشاور ہائی کورٹ کے یکم فروری کے زبانی حکم کے خلاف اپیل کرنے کی اجازت مانگی اور دلیل دی کہ ہائی کورٹ کی کا جلد سنایا جانے والا تحریری فیصلہ حقائق اور قانون کے مطابق نہیں اسلیے کالعدم قرار دیا جانا چاہیے