روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں رقوم کی آمد 38 فیصد بڑھ گئی

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بینکاری کی سہولت فراہم کرنے والے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ( آر ڈی ایز) کے تحت جنوری میں 22 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ملک میں منتقل کیے، جو گزشتہ ماہ سے 9 فیصد کم ہیں۔

نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیاد پر آر ڈی کے ذریعے منتقل ہونے والی رقم میں ماہانہ 38 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسماعیل اقبال سیکیورٹیز کے ریسرچ کے سربراہ فہد رؤف کا کہنا ہے کہ’ آر ڈی اے سے رقم کی آمد کا سلسلہ تسلی بخش رہا ہے، لیکن اس میں واضح کمی آئی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’اس ضمن میں نئے اکاؤنٹ کھلوانے کی رفتار میں بھی کمی دیکھی جارہی ہے‘۔

جنوری میں 3 لاکھ 42 ہزار 611 نئے آر ڈی اے اکاؤنٹ کھولے گئے، جو گزشتہ ماہ کے مقابلے 6.2 فیصد زیادہ ہیں۔

فہد رؤف کا کہنا تھا کہ مرکزی بینک نیا پاکستان سرٹیفیکیشن (این پی سی) پر بھی شرح منافع بڑھانے پر غور کر رہا ہے، اس اقدام سے آر ڈی اے سے رقم کی آمد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

این پی سیز میں ڈالر، روپیہ، یورو اور پاؤنڈز جیسے خود مختار آلات شامل ہیں جو روایتی اور شرعی دونوں صورتوں میں دستیاب ہیں، اس کے بونڈز کے مقابلے میں ریٹرنز زیادہ منافع بخش ہیں، مثال کے طور پر 12 ماہ میں ڈالر پر مبنی ریٹرنز ،ہں 6.5 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

ستمبر 2020 میں آر ڈی اے کے آغاز کے بعد جنوری کے اختتام تک ان اکاؤنٹس سے مجموعی طور پر 3 ارب 38 کروڑ ڈالر کے فنڈز موصول ہوچکے ہیں، جس میں سے 69 فیصد فنڈز این پی سیز میں شامل کیے گئے، اس کا مطلب ہے کہ ستمبر 2020 سے جنوری کے دوران این پی سیز میں 2 ارب 32 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔

این پی سیز میں روایتی بونڈز سے ایک کروڑ 28 لاکھ ڈالر جبکہ اسلامک بونڈز سے ایک ارب 4 کروڑ ڈالر موصول ہوئے، اس دوران 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی آمد ہوئی۔

دریں اثنا، گزشتہ روز اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ بیان میں گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ آر ڈی بیرون ملک اور خاص طور پر سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ’ایک بڑی کامیابی‘ ہے۔

ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے منعقدہ سیشن سے خطاب میں ڈاکٹر رضا باقر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ آر ڈی اے کھلوائے اور ملک میں آر ڈی ایز کے ذریعے سب سے زیادہ رقم بھیجنے والے 175 ممالک میں مقیم پاکستانیوں میں دوسرے نمبر پر رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان میں اپنا اکاؤنٹ کھلوا سکتے ہیں اور مکمل طور پر ڈیجیٹل عمل کے ذریعے اپنی بچت اور سرمایہ کاری کی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔

ایس بی پی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ارشد محمود بھٹی نے آر ڈی اے اور اس سے متعلق دیگر شعبہ جات این پی سیز، روشن اپنی کار، روشن سماجی خدمت اور روشن اپنا گھر پر تفصیلات فراہم کیں، جس کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی بینک فنانسنگ ’باآسانی‘ کے ذریعے اپنے فنڈز پر جائیداد خرید سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں