لاہور : ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ ہم نے فوٹو شوٹ سے باہر نکل کر عوام کی حقیقی خدمت کی ، سب نے دیکھا کہ اس سال بارشوں میں لاہور ڈوبا نہیں ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ ماضی میں سارا فنڈ لاہور پر خرچ ہوا جس کے باعث سارا پنجاب لاہور کی طرف اٹھ کر آگیا جس کے باعث ٹریفک سمیت دیگر مسائل نے جنم لیا، غیر قانونی سوسائٹیز کی بھرمار ہوئی ، وزیر اعظم عمران خان کا ویژن تھا کہ ملک کے ترقی پذیر علاقوں کو بھی ترقی کی دوڑ میں شامل کیا جائے جس کیلئے انہوں نے سردار عثمان بزدار کا انتخاب کیا اور آج آپ دیکھ رہے ہیں کہ جنوبی پنجاب کیلئے بھی ترقی کے دروازے کھل چکے ہیں ۔
وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کے آنے کے بعد جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے دروازے ترقی کیلئے کھل گئے ، وہاں بھی فنڈز پہنچے جن کا کسی نےخیال نہ کیا ، لاہور میں ہمارے واٹر ٹینکس کی بدولت اس سال لاہور شہر بارش کے پانی میں ڈوبا نہیں ، ضلعی ترقیاتی پیکیج کے تحت ہماری سکیمیں جاری ہیں ، شائد وہ اس قابل نہ ہوں کہ وہاں کا فوٹو شوٹ ہو یا ان کی تصاویر فیس بک یا دیگر سوشل میڈیا پر وائرل ہوں لیکن وہ عوام کے حقیقی مسائل ہیں جنہیں حل کیا جا رہا ہے ۔
حسان خاور نے مزید کہا کہ دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ہمارے ہیرو اور ماتھے کا جھومر ہیں ۔