کراچی میں تیز ہواؤں اور سردی کی شدت میں اضافے کا امکان

کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں تیز ہواؤں کے چلنے اور سردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج اور کل آندھی اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ جنوب مغربی بلوچستان اور کراچی میں کل دوپہر تک تیز ہوائیں اور آندھی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تیز ہوا کے باعث موسم گرد آلود ہونے کے ساتھ ساتھ سرد ہونے کا بھی امکان ہے۔

تیز ہواؤں سے سمندر میں طغیانی کا بھی امکان ہے جس کے باعث ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندر میں 30 ناٹیکل میل تک ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور آج شام سے کراچی میں ہواؤں کی رفتار 20 سے 25 ناٹیکل میل ہو گی۔ تیزہواؤں کے باعث کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اس لیے لوگ درختوں اور بل بورڈز کے قریب کھڑے ہونے سے گریز کریں۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے آج اور کل ملک میں موسم کی ممکنہ خرابی کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے بالائی اور وسطیٰ علاقوں میں آندھی، بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اور پیشگی اقدامات، راستے بند ہونے پرضروری مشینری اور عملے کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں