دوحہ میں انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے نوجوان کیوئسٹ احسن رمضان ایرانی رنر اپ عامر سرکوش کو 6-5 سے شکست دے کر کم عمر ترین ورلڈ اسنوکر چیمپیئن بن گئے ہیں۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 2014 میں بنگلور میں ٹائٹل کے مقابلے میں پاکستان کے محمد سجاد کو شکست دے کر 14 سال کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے چین کے یان بِنگٹاؤ کے بعد 16 سالہ احسن رمضان عالمی ٹائٹل جیتنے والے دوسرے سب سے کم عمر کیوئسٹ بن گئے۔
احسن رمضان، 1963 میں اس ایونٹ کے آغاز سے اب تک عالمی اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے تیسرے پاکستانی بھی بن گئے، اس سے قبل پاکستان کے محمد یوسف 1994 میں جوہانسبرگ میں ہونے والے ایونٹ میں یہ ٹائٹل اپنے نام کرچکے ہیں، جب کہ محمد آصف کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ 2 بار (2012 اور 2019 میں) یہ ٹائٹل جیتنے والے واحد پاکستانی ہیں۔
محمد آصف اس ایونٹ میں اپنے عالمی اعزاز کا دفاع کررہے تھے، تاہم سیمی فائنل میں انھیں احسن رمضان کے ہاتھوں 4 کے مقابلے میں 5 فریم سے شکست ہوئی۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے احسن رمضان نے شاندار آغاز کیا اور خود سے کہیں زیادہ تجربہ کار کھلاڑی عامر سرکوش کو 5 کے مقابلے میں 6 فریم سے شکست دی۔
چیمپئن شپ کا فائنل ساڑھے 5 گھنٹے جاری رہا جس میں احسن رمصان نے پہلا فریم جیت کر برتری حاصل کی اور پھر آخری 2 فریم جیت کر مقابلے میں فتح حاصل کی۔
احسن رمضان نے مقابلہ شروع ہوتے ہی 2 فریم جیت کر اپنی برتری قائم کی لیکن اس کے بعد عامر سرکوش 4 فریم جیت کر سبقت حاصل کرلی۔
تاہم احسن رمضان نے کمال مہارت کا مظاہرہ کیا اور جوابی وار کرتے ہوئے نہ صرف عامر سرکوش کی برتری کو برابر کیا بلکہ اپنی برتری مستحکم کرتے ہوئے فتح بھی حاصل کی۔
انہوں نے یہ مقابلہ 63-60، 91-0، 19-65، 1-102، 28-68، 27-66، 86-18، 1-70، 69-0، 63-17، 67-25 سے جیت کر کھیل کی تاریخ میں اپنا نام درج کیا۔
یہ 2 مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے والے کے خلاف احسن رمضان کی دوسری فتح تھی، اس سے پہلے انہوں نے یہ فتح 6 ماہ قبل کراچی میں منعقدہ 46 ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ کا کوارٹر فائنل میں حاصل کی۔
پاکستان نے ایونٹ کا اختتام ایک سونے اور 2 کانسی کے تمغوں کے ساتھ کیا جب دوسرے سیمی فائنل میں عامر سرکوش نے محمد سجاد کو شکست دی۔
محمد سجاد کا آغاز مایوس کن رہا، وہ بیسٹ آف نائن میچ میں 1-4 سے پیچھے تھے لیکن وہ کھیل میں واپس آئےاور 4-4 پر اسکور برابر کیا، تاہم عامر سرکوش نے فیصلہ کن فریم میں 64 کا شاندار بریک اسکور کیا اور فائنل میں پہنچ گئے۔
عامرسرکوش نے یہ مقابلہ 64-32، 59-47، 77-25، 18-62، 103-14، 30-59، 9-75، 24-58، 66-1 سے جیتا۔
انہوں نے پانچویں فریم میں 102 کا سنچری بریک بنایا جبکہ محمد سجاد نے ساتویں فریم میں 62 بریک کے ساتھ جواب دیا۔
پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن (پی بی ایس ایف) کے سابق صدر علی اصغر ولیکا نے احسن رمضان کی عالمی ایونٹ میں فتح کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ ایک خواب کے سچ ہونے جیسا ہے‘۔
ایشین 6-ریڈز اور ٹیم ایونٹ کا آغاز ہفتہ سے ہوگا۔