ہیلی کاپٹر حادثہ، صدر کا آرمی چیف کو ٹیلیفون، وزیراعظم کا اظہار افسوس

اسلام آباد: (آئی این این) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے آرمی چیف سے کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد حنیف ، 12 کور کے بریگیڈیئر محمد خالد، پائلٹ میجر سعید احمد ، معاون پائلٹ میجر محمد طلحہٰ منان اور نائیک مدثر فیاض کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہلخانہ کیلئے اظہارہمدردی بھی کیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے ملک و قوم کیلئے شہدا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے فرض شناس بیٹے بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کاموں میں مصروف تھے اور انہوں نے اپنے فرض کی ادائیگی اور قوم کی خدمت کیلئے انتہائی جانفشانی، محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار یہ سپوت قوم کے محسن ہیں ۔

انہوں نے آرمی چیف سے اپنی گفتگو کے دوران ان کے سابقہ دورہ گوادر کے دوران کور کمانڈر جنرل سرفراز علی سے ملاقات اور ان کی جانب سے دی گئی بریفنگ کا بھی ذکر کیا۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ اس بریفنگ کے دوران میں نے انہیں انتہائی قابل ، ذہین اور فرض شناس افسر کے طور پر پایا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت کو بتایا کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران خراب موسم کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہوئی جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو حادثہ درپیش آیا۔

سپہ سالار نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ حاصل کرلیا گیا ہے اور تمام فوجی افسران جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔

صدر مملکت نے ٹیلی فون پر اپنی گفتگو میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ ان شہداء کے جنازے میں بنفسِ نفیس شرکت کریں گے اور خاص طور پر ان کے اہل خانہ اور لواحقین سے بھی اظہار تعزیت کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں، پوری قوم اس حادثے پر انتہائی افسردہ ہے، پوری قوم شہدا کے اہل خانہ کےغم میں شریک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں