وفاقی کابینہ نے ہفتے کی چھٹی بحال کرنے کی منظوری دے دی۔ سرکاری افسران کیلئے 40 فیصد فیول کٹوتی کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں توانائی کی بچت کا پلان پیش کردیا گیا۔اجلاس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور خاتمے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے ہفتے کی چھٹی بحال کردی ہے۔ وفاقی کابینہ اراکین اور سرکاری افسران کیلئے 40 فیصد فیول کٹوتی کی بھی منظوری دے دی۔ گئی ہے۔ تاہم مارکیٹوں کو جلد بند کرنے کے حوالے سے فیصلہ نہیں ہوسکا۔
اجلاس میں توانائی بحران اور لوڈ شیڈنگ سے بچنے کے لیے وزارت توانائی کی جانب سے بجلی بچت کا8 نکاتی فارمولا پیش کیا گیا۔بجلی بچت سےمتعلق تجاویزوزیراعظم ورکنگ گروپ نےتیارکیں۔
پلان میں تجویز دی گئی ہے کہ بجلی کی بچت کےلیے ہفتے میں 5 دن کام کیا جائے ۔ہفتے کی چھٹی کی فوری طورپر بحالی ناگزیر قرار دی گئی ہے۔
پلان کے مطابق سرکاری ملازمین ہفتے میں ایک دن گھرسے کام کریں ۔نجی شعبہ بھی ایک دن گھرسے کام کرنے کو ترجیح دے۔
بجلی بچت پلان کے مطابق سرکاری تیل کے کوٹے میں کمی کرنے کی تجویز بھی پلان میں شامل کی گئی۔
پلان میں گلیوں،شاہراہوں پرلگی لائٹس جزوی طورپرآن رکھنےکی تجویز دی گئی ہے۔مارکیٹس،شادی ہالزرات 10 بجےبند کیےجائیں۔
وزارت توانائی کی جانب سےتوانائی کی بچت کیلئے بھرپورآگاہی مہم چلانے پر بھی زور دیا گیا ہے ۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اجلاس میں توانائی بحران اور لوڈ شیڈنگ کم کرنے کے طریقوں اور ذرائع پر بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ایندھن کے زیادہ معاہدے نہیں کیے تھے۔ہم ان مسائل کو فوری طور پر حل کر رہے ہیں۔ن لیگ نے جومنصوبے شروع کیےتھے پی ٹی آئی انہیں نہ چلا سکی۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 4سال میں بھی ن لیگ کےمنصوبوں کو آن لائن نہ کیاجاسکا۔ایل این جی پلانٹ 61.6 فیصد کارکردگی کے ساتھ دنیا کا سب سے کارآمدمنصوبہ ہے۔ن لیگی حکومت کے دوران 2018 میں وہاں پہلی ٹربائن آچکی تھی، ابھی تک آن لائن نہیں کی گئی۔
وفاقی کابینہ 3 جون کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی۔ اس کے علاوہ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو اور مشاورت ہوگی۔
کابینہ اجلاس میں الیکشن کمیشن کی سال 2021 کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ کابینہ کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش ہوگی۔